جن ملکوں میں جمہوریت تھی وہ ہم سے بہت آگے نکل گئے،عمران خان

185

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے ملک میں ستر سالوں سے بادشاہت تھی جس کی وجہ سے ملک بہت پیچھے رہ گیا جن ملکوں  میں جمہوریت تھی وہ ہم سے بہت آگے نکل گئے۔

اسلام آباد میں نیشنل سائنس ٹیکنالوجی پارک کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری کو وزیر سائنس اینڈ  ٹیکنالوجی بنایا تو لوگوں نے کہا کہ فواد چوہدری کو وزیر بنادیا ہے، آپ سائنس اور ٹیکنالوجی کو سنجیدہ نہیں لے رہے، ایک اچھے کپتان کو علم ہوتا ہے کس کھلاڑی کو کس نمبر پرکھیلانا ہے، عوام نے سائنس وٹیکنالوجی میں فوادچودھری کی پرفارمنس دیکھ لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب میں نے اپنے کرکٹ کیرئیر کو ختم کیا  تو میں  بھی بیٹھ جاتا اور دوسروں کی طرح پورے سال باتیں کرتا اور سال کے آخر میں کروڑوں روپے کما لیتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ستر سالوں سے بادشاہت تھی جس کی وجہ سے  ملک بہت پیچھے رہ گیا  جن ملکوں  میں جمہوریت تھی وہ ہم سے بہت آگے نکل گئے،بادشاہت کبھی بھی جمہوریت کا مقابلہ نہیں کر سکتی، جمہوریت میں میرٹ اور جوابدہی کا عمل ہوتا ہے،جس معاشرے میں میرٹ ختم ہوجاتا ہے وہ معاشرہ  پیچھے ہو جاتے ہیں  پاکستان   میں  بھی یہی ہوا میرٹ نہ ہونے کی وجہ سے ملک آہستہ آہستہ زوال کا  شکار ہو گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پورا خاندان سیاست میں آجاتا ہے جو جمہوریت کی نفی ہے، 11 سال ایک شخص پارٹی کا چئیرمین رہے اور پھر کہے جب بارش ہوتی ہے تو پانی آتا ہے۔ چار سال تک آپ کو یاد دلاتا رہوں گا کہ ہمیں کس طرح کا پاکستان دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک آپ ہار نہیں مانیں گے آپ کو کوئی نہیں ہرا سکتا ہے،جو انسان کامیاب ہوتا ہے وہ برے وقت میں خود کو سنبھالتا ہے،جو بھی  آج تک بڑا انسان بنا ہے وہ اپنی ذات سے نکل کر ہی بنا ہے،اگر ٹیلنٹ اور جنون کا مقابلہ ہو تو جنون اس کو ہرا دیتا ہے،ہمیشہ اپنے دل کی سنو کیونکہ جنون صرف دل میں ہی ہوتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب اللہ تعالیٰ انسان کو عطا کرتا ہے تو اتنی ہی بڑی  ذمے داری ڈالتا ہے،بل گیٹس واقعی بہت بڑا انسان ہے اس نے اپنی صلاحیت سے بہت پیسا بنایا وہ اپنے اوپر کم اور دیگر امدادی کاموں پر زیادہ پیسے خرچ کرتا ہے۔