بھارتی فوج نے کشمیریوں کیخلاف امر یکی ساختہ نئی رائفلیںاستعمال کر نا شروع کر دیں

56

سری نگر،نئی دہلی(اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں مسلسل 129ویں روز بھی جاری رہنے والے بھارتی فوجی محاصرے کی وجہ سے وادی کشمیر میں صورتحال جوں کی توں رہی۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وادی کشمیر اور جموں خطے میں دفعہ 144کے تحت سخت پابندیاںنافذ ہیں جبکہ انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔ کشمیریوں نے بھارتی میڈیا کے اس دعوے کو مضحکہ خیز قرار دیا ہے کہ کشمیر میں ایس ایم ایس سروس جزوی طو رپر بحال کر دی گئی ہے۔ لوگوںکا کہنا ہے کہ درحقیقت موبائل فون کمپنیوں کی طرف سے آنے والے پیغامات کی ترسیل بحال کر دی گئی ہے جبکہ صارفین ایک دوسرے کو نہ توکوئی پیغام بھیج سکتے اور نہ ہی وصول کر سکتے ہیں۔علاوہ ازیںبھارتی فوج نے امریکا سے حاصل کی جانے والی نئی رائفل سگ سوئر کو مقبوضہ کشمیر میں محاصروں اورتلاشی کی کارروائیوں کے دوران کشمیریوں کے خلاف استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے اپنی اسنائپر رائفل کے لیے ایمونیشن بھی امریکا سے حاصل کرنا شروع کردیاہے ۔ بھارتی فوج کے اعلیٰ ذرائع نے نئی دہلی میں میڈیا کو بتایاکہ 10ہزار رائفلوں پر مشتمل ایس آئی جی 716 کی پہلی کھیپ بھارت پہنچ چکی ہے جس کوبھارتی فوج کی شمالی کمانڈکے حوالے کیاگیاہے۔بھارت نے اپنی فوج کو 72,400نئی رائفلوں سے لیس کرنے کے لیے 7 ارب روپے سے زایدکے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ رائفلیں امریکا کی اسلحہ ساز کمپنی Sig Sauerفراہم کررہی ہے۔ رائفلیں امریکا میں تیارکی جائیں گی اور معاہدے کے ایک سال کے اندر اندر فوری طورپرفراہم کی جائیں گی۔