دہشتگردوں کی مالی معاونت ختم کرنے کا سب سے زیادہ فائدہ ہمیں ہوگا،رضا باقر

242

کراچی: گورنر آف اسٹیٹ بینک رضا باقر کا کہنا ہے کہ تجارت کے نام پر دہشتگردوں کی مالی معاونت ختم کرنے کا سب سے زیادہ فائدہ ہمیں ہوگا۔

گورنر آف اسٹیٹ بینک رضا باقر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بحیثیت قوم سخت فیصلے اور  اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا، دہشتگردوں کی مالی معاونت ختم کرنے کا سب سے زیادہ فائدہ ہمیں ہوگا، ہمارا ملک دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا اور ملک کو نقصان پہنچانے والوں کی مالی معاونت اب کسی طور قابل قبول نہیں۔

رضا باقرنے کہا کہ مجرمانہ معاملات کو معاشی معاملات سے علیحدہ کرنے کیلئے اینٹی منی لانڈرنگ اورٹیرر فنانسگ پر سختی کی گئی ہے جس سے معاملات کافی حد تک درست ہوئے ہیں اور ہم نے دیکھا کہ رقوم دیگر کاموں میں استعمال ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف بہت اہم ایریا ہے اور اس ادارے نے خود دیکھا کہ پاکستان اس پر کامیابی سے کام کر رہا ہے۔

رضا باقر نے کہا کہ ایکسچینج ریٹ میں تبدیلی کا فیصلہ درست تھا جس کے مزید مثبت نتائج عنقریب سامنے آئیں گے، ایکسچینج ریٹ میں ہم بہتری کی طرف گامزن ہیں اور جیسے جیسے ہمارے حالات بہتر ہوں گے ہم اپنی شرائط کو نرم کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ پر دباؤ کی وجہ سے خزانہ خالی ہورہا تھا لیکن حکومتی اقدام کے سبب سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا لوگ سیونگز کی طرف جا رہے ہیں اور آج کے حالات پہلے سے کہیں زیادہ بہتر ہیں، اوراب زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے۔

گورنراسٹیٹ بینک نے بتایا کہ فنانشل سسٹم میں اس وقت اصلاحات جاری ہیں کیوں کہ ہمیں کاروبار دوست ماحول بنانا ہے۔