حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سب انجینئر اور اسٹاف ویلفیئر ایسوسی ایشن سندھ کے صدر آصف علی جلبانی، توفیق احمد میمن، محسن علی ودیگر نے محکمہ فنانس حکومت سندھ سے مطالبہ کیا کہ دیگر صوبوں میں ورکس اور سروس محکمے کے سب انجینئر اور دیگر اسٹاف کو ٹائم اسکیل ٹیکنیکل الاؤنس میں اضافہ کیا ہے لیکن سندھ کے ملازمین اس سے محروم ہیں اگر ٹائم اسکیل اور ٹیکنیکل الاؤنس نہ دیا گیا تو 20 دسمبر کے بعد سندھ کے محکمہ فنانس کے تمام دفاتر کے سامنے ہزاروں ملازمین شدید احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں زیادتی ہے کہ الاؤنسز میں اضافہ نہیں کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریڈ 11 میں بھرتی ہونے والے سب انجینئر 25 سال سروس کرکے اسی گریڈ پر ریٹائر ہوگئے جو کہ ظلم کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ میں انجینئر ودیگر عملے کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک بند کیا جائے بصورت دیگر 20 دسمبر کے بعد احتجاج شروع کیا جائے گا۔