محکمہ صحت سندھ سے ڈسپنسری سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والے ڈسپنسروں کا احتجاج

60

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) محکمہ صحت سندھ کے اداروں سے ڈسپنسری سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والے ڈسپنسروں نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آل سندھ ڈسپنسر ایسوسی ایشن سندھ کے صدرساون بلوچ‘ حاجی احمد میمن اور دیگرسے کہاہے کہ 1968ء کے قانون کے تحت محکمہ صحت سندھ کے اداروں میں فرسٹ ایڈ یعنی ڈسپنسری کا کورس مکمل کرکے آئے ہیں اور اس کے تحت سرکاری اسپتالوں میں ملازمت دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ و دیگر صوبوں کی نسبت پسماندہ صوبہ ہے دیہاتوں سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں صحت کی سہولت انتہائی کم ہے جبکہ ہم اپنے کورس‘ تربیت اور تجربے کی وجہ سے مریضوں کو بروقت طبی امداد دینے کے ماہر ہیں جبکہ ہمیں اتائی ڈاکٹر قرار دے کر ہمارے دواخانے بند کراکے ہمارا معاشی قتل کیاجارہا ہے۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ ہمارے مطالبات تسلیم کیے جائیں بصورت دیگر کراچی پریس کلب کے باہر دھرنا دیاجائے گا۔