معاشرے میں حقیقی تبدیلی جماعت اسلامی ہی لاسکتی ہے،حسین محنتی

183
حیدرآباد: امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی مرکز تبلیغ اسلام شاہ مکی روڈ پر اراکین جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد سے تجدید عہد رکنیت لے رہے ہیں، عبد الوحید قریشی، عبد القدوس احمدانی، حافظ طاہر مجید، ڈاکٹر سیف الرحمن و دیگر بھی شریک ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ معاشرے میں حقیقی تبدیلی جماعت اسلامی ہی لا سکتی ہے، ارکان جماعت کی ذمہ داری زیادہ ہے کہ وہ اللہ اور رسول ﷺ سے تعلق مضبوط اور عوام سے گہرا رابطہ رکھیں ہم نئے عزم سے بنیادِ سحر رکھ رہے ہیں۔ وہ مرکز تبلیغ اسلام حیدرآباد میں جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے اراکین کے اجتماع تجدید عہدِ رکنیت سے صدارتی خطاب کررہے تھے۔ ادارہ معارف اسلامی کراچی کے ڈائریکٹر اور اسکالر سید شاہد ہاشمی، امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد انجینئر حافظ طاہر مجید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ امیرصوبہ نے اجتماع میں شریک تمام ارکان جماعت سے تجدید رکنیت کا حلف لیا۔ انھوں نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ ہمیں اپنی اصلاح آپ کرنا ہوگی جماعت اسلامی کی رکنیت ایک اعزاز کے ساتھ بھاری ذمہ داری بھی ہے ہم نے اللہ کے دین کے نفاذ کاعہد کیا ہے یہ اللہ کا شکر ہے کہ ہمارا تعلق جماعت اسلامی سے ہے جو کسی مسلک، زبان وعلاقہ کی نہیں خالصتا ًاسلام کی دعوت دیتی ہے۔ جماعت اسلامی اس ملک و معاشرے میں تعمیری کام کررہی ہے ہم پر قوم نے جب بھی اعتماد کیا ہم نے انہیں مایوس نہیں کیا ۔آئندہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی دیانت دار اور باصلاحیت قیادت پیش کرے گی۔انھوں نے رابطہ عوام بڑھانے اور لوگوں کی بہترین رہنمائی کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تجدید عہد کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے مقصد اور نصب العین کی سعی کے لیے شبانہ روز محنت کریں۔ سید شاہد ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تزکیہ نفس اور اچھے اخلاق سے ہم خود کو بہترمسلمان بنا سکتے ہیں اور دوسروں کے لیے بھی نمونہ بن سکتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے رکن کا تصورِ دین واضح اور سید مودودی نے جو فکر و فلسفہ پیش کیا ہے اسکا شعور ہونا چاہیے۔ اسلام تمام ادیان اور دنیا پر غالب ہونے کے لیے آیاہے اور جو لوگ اسے غالب کرنے کا بیڑا اٹھا کر چلے ہیں ان کے معاملات صاف ستھرے ہونے چاہییں۔ انھوں نے کہا کہ سید مودودی نے جو تنظیم، نفاذِ اسلام کا طریقہ کار دیا ہے وہ آج کے دور کے تقاضوں کے مطابق ہے طرز زندگی اور طرز عمل بہتر بنانے کا نام جماعت اسلامی ہے۔
محمد حسین محنتی