بلوچستان ،ٹیکسی ڈرائیور اغوا کے بعد قتل،قبائلیوں کا احتجاج

58

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)بلوچستان کے علاقے گلستان میں ٹیکسی ڈرائیورکو اغوا کے بعد قتل کر دیا گیا ، واقعہ کے خلاف مشتعل قبائلیوں نے ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے احتجاج کر کے سڑک بند کردی ۔مقامی لیویز کے مطابق مقتول ٹیکسی ڈرائیور کو تین روز قبل نامعلوم افراد چمن سے گلستان لے گئے تھے جہاں انہوں نے ڈرائیور کو قتل کر کے لاش ٹیوب ویل میں پھینک کر فرارہوگئے ۔ گزشتہ روز ایک زمیندار کی نشاندہی کے بعد اہل علاقہ نے لیویزکواطلاع دی ، لیویز کے پہنچنے پر لاش کو ٹیوب ویل سے نکالا گیا جبکہ مقتول کی گاڑی بھی ٹیوب ویل کے پاس سے ملی ہے ، مقتول کی شناخت چمن کے رہائشی ٹیکسی ڈرائیور سخی داد کے نام سے ہوئی ہے ، واقعہ کے خلاف مقامی قباِئل اور تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے لاش کو چمن میں مال روڈ پر ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے رکھ کر احتجاج کیا اور سڑک پرٹائر جلاکر مال روڈ ٹریفک معطل کر دی۔ اسسٹنٹ کمشنر قلعہ عبداللہ جہانزیب شیخ کے مطابق نامعلوم ملزمان کی تلاش کا کام جاری ہے اور جلد ہی ملزمان کو قانون کی گرفت میں لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لیویز عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلیے دن رات کام کررہی ہے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔