مشرف کی سزائے موت، قانون کی بالادستی کی طرف پیشرفت ہوگی،مولانا عبدالحق ہاشمی

61

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ عدالت کی جانب سے فوجی آمر ،جمہوریت کے قاتل پرویز مشرف کو سزائے موت ملک میں قانون کی حکمرانی اور آئینی بالادستی کی طرف ایک اہم پیشرفت ہوگی مگر عمل درآمد سے ہی قانون کی حکمرانی وپاسداری اورعوام کا اعتماد بحال ہوسکے گی ملک میں سب کیلیے قانون وانصاف کا یکساں نظام ہی ترقی وخوشحالی عدل وانصاف کا ضامن ہوگانیاپاکستان بنانے والوں کا امتحان ہے کہ وہ فوجی آمر کو ملک لاکر قانون کے مطابق سزادیں ۔ امریکی حواری بن کر قوم کے ارمانوں وجمہوریت کا خون کرنے والا کسی رعایت کامستحق نہیں ۔ پرویز مشرف کو عدالتی فیصلے سے بچانے والے قوم کے دشمن تصورہوں گے اور یہ ملک وقوم کیساتھ دشمنی ،عدالت کو بے وقعت بنانے کی سازش ہوگی ۔پرویز مشرف نے امریکی حواری بن کرقوم کا ناقابل تلافی نقصان کیا ۔انہوں نے کہا کہ اگراس عدالتی فیصلے پر عمل درآمد ہوگیاتواس سے عدالت پر قوم کا اعتماد بحال ،آمریت کا راستہ روکنے میں مدد ملے گی ۔پرویز مشرف نے ملک وقوم کو دہشت گردی میں دکھیل دیا بدامنی ودہشت گردی اورخود کش دھماکے پرویز مشرف کے دورآمریت میں عام ہوئے اور چاروں بارڈرغیر محفوظ ہوئے ۔امریکی مداخلت پاکستان میں بڑھ گئی ۔ سزائے موت کے فیصلے پر عمل درآمد کی ضرورت ہے آرٹیکل 6 کے تحت خصوصی عدالت کا یہ تاریخی اور تاریخ ساز فیصلہ ہے جس پر عمل درآمدسے ان شاء اللہ پوری قوم کافائدہ اورمستقبل بچنے کیساتھ آئین کے خون کرنے کا راستہ رُک سکے گا ۔ اس فیصلے سے آئین کی بالادستی،قانون پر عمل درآمد کے ساتھ فوجی آمریت ،باربارمارشل لا نافذ کرنے کے حملوں سے قوم محفوظ رہے گااور آمریت کا راستہ بھی رکے گا اورآئندہ کے لیے کسی بھی فوجی سربراہ کو آئین کا دائرہ کارعبور کرنے کی ہمت نہیں ہوگی۔ اس فیصلے پر عمل درآمد سے عدالت کا وقار عزت واحترام بڑھ جائے گاملک میں انصاف اور عدل کی راہ ہموار ہوگی اور قوم آمریت کے حملوں سے بچ سکے گی۔عدالت کے فیصلوں پر عمل درآمد اورآئین کی حفاظت حکمرانوں پر فرض ہے ۔آئین کے دائرہ کار سے روگردانی کرنے والوں کو سزاملنی چاہییں پاکستان میں آئین وقانون پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے قومی سطح پر مسائل وپریشانیاں بڑھ گئی ہے ۔حکمرانوں واسٹیبلشمنٹ کا فرض ہے کہ وہ آئین کی حدود کی پابندی کریں غیر آئینی فیصلوں واقدامات سے پرہیزکریں جنرل پرویز مشرف کو فوری طور پر پاکستان لانا اور خصوصی عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کروانا موجودہ حکومت کی ذمے داری ہے جب تک طاقتور اور کمزور کیلیے ایک قانون نہیں ہوگااس وقت تک نہ عدالت اور نہ ہی عدالتی فیصلوں کا احترام ہوگا۔