راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز زندگی کا سب سے تلخ بیان تھا جو آئی ایس پی آر نے کل جاری کیا تھا۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے راولپنڈی میں کشمیری رہنما چوہدری غلام عباس کی برسی پر تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن لوگوں نے ملک کو لوٹا ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے اور جس شخص نے سیاچن اور کارگل میں فتح کے جھنڈے گاڑے اس سے پوچھا جا رہا ہے۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ فوج میں کبھی ایسا غم و غصہ نہیں دیکھا، گزشتہ روز زندگی کا سب سے تلخ بیان تھا جو آئی ایس پی آر نے کل جاری کیا، پاکستان میں بہت بڑا بگاڑ دیکھ رہا ہوں، ہمیں تلخیاں ختم کرنا ہوں گی، حالات کو مزید بگڑتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو بہت قریب سے دیکھا ہے،کشمیری جاگے ہوئے ہیں، ان کے پاس دنیا بھر کی معلومات ہیں، کشمیری کافی ذہین ہیں ، وہ پاکستان میں بھی اپنی جماعتیں بنائیں، وزیراعظم آزادکشمیر سے کہتا ہوں کہ گلی محلوں میں ریلیاں نکالی جائیں۔
وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ میری خواہش تھی کہ یو پی اور سی پی کا مسلمان جاگے، آج ہندوستان کا مسلمان جاگ رہا ہے۔