سال 2019بھی صحافیوں کے لئے قاتل ثابت ہوا

166

آزادی صحافت کے لیے کام کرنے والی تنظیم ‘رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز’ کے مطابق دنیا بھر میں 2019 میں 49 صحافیوں کو قتل کیا گیا ۔

غیر ملکی خبر ایجنسی ‘اے ایف پی’ کی رپورٹ کے مطابق اکثر صحافی یمن، شام اور افغانستان میں خانہ جنگی کی کوریج کے دوران مارے گئے اورخبردار کیا ہے کہ صحافت بدستور ایک خطرناک پیشہ ہے۔

رپورٹرز ود آوٹ بارڈرزتنظیم کا کہنا تھا کہ گزشتہ  ایک سال میں تقریباً 80 صحافیوں نے کوریج کے دوران  اپنی جان گنوائی ۔تنظیم کے سربراہ کرسٹوف ڈیلوئر نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان ممالک میں زیادہ صحافی مارے گئے جہاں  امن کے حوالے سے صورتحال تاحال خطرناک ہیں ۔  ان کا کہنا تھا 10 صحافی صرف میکسیکو میں مارے گئےجبکہ امریکا میں مجموعی طور پر 14 رپورٹرز مارے گئے ۔

تنظیم کی رپورٹ کے  مطابق قتل ہونے والے صحافیوں  کے علاوہ کئی صحافیوں کو جیل بھی بھیجا گیا جن کی مجموعی تعداد 389 ہے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہے۔ گرفتار ہونے والے صحافیوں کی نصف تعداد  کا تعلق تین ممالک چین، مصر اور سعودی عرب سے ہے۔

واضح رہے انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) نے گزشتہ برس اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ 2018 میں 94 صحافی اپنے فرائض انجام دیتے ہوئےقتل کردیے گئےجبکہ ان 94 افراد میں 6 خواتین بھی شامل تھیں۔