وفاق و پنجاب میں ای ٹینڈرنگ و پروکیورنمنٹ سسٹم کے نفاذ کا فیصلہ

38

پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں ای ٹینڈرنگ اور ای پروکیورنمنٹ نظام کی کامیابی کے بعد اسی سسٹم کو وفاق، پنجاب اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں متعارف کروایا جا رہا ہے جس سے اداروں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے گا اور یہ پختونخوا کی موجودہ حکومت کیلیے باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے کے متعدد  محکموں میں جدید دور سے آراستہ ٹیکنالوجی متعارف کروائی ہے جبکہ ای ٹینڈرنگ اور ای پروکیورنمنٹ نظام اس کی زندہ مثال ہے۔ اس جدید نظام سے شفافیت اور میرٹ کو تقویت ملی ہے اس کی بدولت خیبرپختونخوا میں تمام اداروں کو کرپشن سے پاک کیا ہے جبکہ اداروں کو بااختیار بنا کر احتساب کے سامنے لا کھڑا کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین اور وفاقی وزیر مراد سعید نے خیبرپختونخوا کے جدید ای ٹینڈرنگ اور ای پروکیورنمنٹ نظام کی تعریف کی اور خیبر پختونخوا حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی جو ایک ماہ میں اپنی سفارشات مکمل کرے گی، جس کے توسط سے اس نظام کو دیگر اداروں کیلیے بھی استعمال میں لایا جائے گا۔ کمیٹی میں وفاق، خیبرپختونخوا اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے نمائندے شامل ہوں گے۔
محمود خان