راولپنڈی (صباح نیوز) پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ آج تاریخی فیصلہ ہے مشرف نے 2 مرتبہ آئین توڑا، آرٹیکل 6 کے تحت فیصلوں کے بعد آئندہ کوئی ڈکٹیٹر آئین کی پامالی کا حوصلہ نہیں کرے گا،ایسے فیصلوں سے عوام کا عدلیہ پر اعتماد بحال ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بے نظیر کے جائے شہادت پر فاتحہ خوانی کے بعد کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیاقت باغ میں 12 سال قبل شہید بے نظیر نے آخری خطاب کیا اس لیے راولپنڈی اور لیاقت باغ کی ایک تاریخی حیثیت ہے، گڑھی خدا بخش کے بجائے راولپنڈی میں خطاب کا فیصلہ چیئرمین بلاول زرداری نے کیا ہے۔ بی بی کو شہید کرکے وفاق کی زنجیر کو توڑنے کی سازش کی گئی، پارٹی چاہتی ہے کہ بلاول زرداری بھی وفاق کی زنجیر بنیں۔ ملک بھر سے بڑے قافلے لیاقت باغ پہنچیں گے جلسے میں مختلف مزدور تنظیمیں بھی شرکت کریں گی لیاقت باغ میں ہونے والے جلسے کو کامیاب بنانے کیلیے تمام کارکن بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔