مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پابندیاں 137 ویں روز بھی برقرار

50

سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں جمعرات کو مسلسل 137ویں روز بھی بھارتی فوجی محاصرہ جاری رہا اور اس کے خلاف وادی کشمیر اور جموں کے مسلم اکثریتی علاقوں کے لوگوں میں بدستور شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ علاقے میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجیوں کی تعیناتی کے علاوہ دفعہ 144 کے تحت سخت پابندیاں نافذ ہیں۔ وادی کشمیر میں 80 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو مسلسل لاک ڈائون کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ انٹرنیٹ، پری پیڈ موبائل فون اور ایس ایم ایس سروسز بھی مسلسل معطل ہیں۔ انٹرنیٹ کی مسلسل معطلی کی وجہ سے لوگوںکا نہ صرف اپنے قرب و جوار بلکہ بیرونی دنیا سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔ طلبہ، صحافی، ڈاکٹر، تاجر اور دیگر پیشہ ور افراد بھی بری طرح متاثر ہیں۔ ادھر وادی کشمیر میں لوگ سول نافرمانی کی تحریک کے ذریعے بھارت کے کشمیری مخالف اقدامات کے خلاف مزاحمت اور اپنے غم و غصے کا اظہار جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس تحریک کے دوان لوگ اپنی دکانیں اور تجارتی مراکز بند رکھتے ہیں اور اسکول اور دفاتر نہیں جاتے ۔ دکانیں صبح اور شام کے اوقات میں صرف چند گھنٹوں کیلیے ہی کھولی جاتی ہیں۔ بیشتر پبلک ٹرانسپورٹ بھی معطل ہے۔