فوج ادارہ نہیں خاندان ہے‘ عزت کرانا جانتے ہیں‘ میجر جنرل آصف غفور

268

راولپنڈی ( خبرایجنسیاں)فوجی ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ فوج ادارہ نہیں بلکہ خاندان ہے ‘ عزت کرانا جانتے ہیں۔پرویز مشرف کی سزائے موت سے متعلق خصوصی عدالت کے تفصیلی فیصلے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کیس کے تفصیلی فیصلے کے الفاظ انسانیت، مذہب، تہذیب اور کسی بھی اقدار سے بالاتر ہیں، فیصلے سے وہ خدشات درست ثابت ہوگئے جن کا پہلے اظہار کیا تھا۔آصف غفور نے بتایا کہ پرویز مشرف کیس کے حوالے سے کچھ دیرپہلے آرمی چیف کی وزیراعظم سے تفصیلی بات ہوئی ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ چند لوگ اندرونی اور بیرونی حملوں سے ہمیں اشتعال دلاتے ہوئے آپس میں لڑانا چاہتے ہیں اور پاکستان کو شکست دینے کے خواب دیکھ رہے ہیں، لیکن ایسا نہیں ہوگا، ہمارا جوابی اقدام تیار ہے۔میجرجنرل آصف غفور نے کہا کہ ملک دشمن قوتوں کے موجودہ ڈیزائن (منصوبے) کا مقابلہ کریں گے، اندرونی اور بیرونی دشمنوں کو ناکام کریں گے، اگر ملک کو ادارے کی قربانی، کارکردگی اور یکجہتی کی ضرورت ہو تو دشمن کی چال میں آکر ان چیزوں کو خراب نہیں ہونے دیں ۔ترجمان نے کہا کہ ہم نے اس ملک کے استحکام کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں، اس استحکام کو ہم کسی بھی صورت ریورس نہیں ہونے دیں گے، ہم ملک کا دفاع اور ادارے کی عزت کرانا جانتے ہیں، ایسا کام جودنیا کی کوئی فوج نہیں کرسکی ہم نے وہ بھی کرکے دکھایا، جہاں دشمن ہمیں داخلی طور پر کمزورکرتے رہے اب بیرونی طرف سے آوازیں اٹھ رہی ہیں، اگرہمیں تھریٹ کاپتا ہے توہمارا رسپانس بھی ان پلیس ہے۔آصف غفور نے یہ بھی کہا کہ فوج اور حکومت پچھلے چند برس سے ملک کو اس طرف لے جانا چاہتی ہے جہاں خطرات ختم ہوئے، عوام افواج پاکستان پر اعتماد رکھیں، ہم ملک میں کسی صورت انتشار نہیں پھیلنے دیں گے، اندرونی اور بیرونی جتنے بھی دشمن ہیں، ان کے جو آلہ کار اور سہولت کار ہیں، انہیں بھرپور جواب دیں گے۔