بلدیہ میٹ سیکشن کی کارروائی،3 من مضر صحت گوشت تلف

59

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ میٹ سیکشن سٹی نے باڑوں، گھروں اور دکانوں میں قائم غیر قانونی مذبحہ کیخلاف بڑا کریک ڈائون کرتے ہوئے تین من سے زائد گوشت تحویل میں لے کر قصابوں پر ہزاروں روپے جرمانے کردیے۔ بلدیہ میٹ سیکشن سٹی کے عملے نے انچارج ندیم غوری کی سرکردگی میں پریٹ آباد، نورانی بستی، نشاط، آفندی ٹائون سمیت مختلف علاقوں میں باڑوں، گھروں اور دکانوں میں قائم غیر قانونی مذبحہ کیخلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین من سے زائد لاغر جانوروں اور پریشر والا گوشت تحویل میں لے کر ضائع کردیا۔ مذکورہ گوشت کی فروخت اور غیر قانونی مذبحہ میں جانور کاٹنے پر ملوث 9 قصابوں پر ہزاروں روپے جرمانہ کردیا۔ کارروائی کے دوران عملے کو بااثر باڑا مالکان اور غیر قانونی مذبحہ مافیا کی شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، قصاب عملے کو کئی منتخب رہنمائوں اور بااثر شخصیات سے موبائل فونز پر بات کرانے کی کوشش کرتے رہے، میٹ سیکشن کے عملے لجپت روڈ کی سبزی منڈی میں قائم ایک درجن سے زائد گوشت کی دکانوں کا بھی اچانک دورہ کرکے گوشت جالیوں میں ڈھانپ کر فروخت نہ کرنے والے دکانداروں کو حتمی وارننگ دیتے ہوئے اپنی نگرانی میں جالیاں لگوائیں۔ انچارج میٹ سیکشن ندیم غوری نے بتایا کہ گنجان آبادی میں قائم مذبحہ کے خاتمے اور شہریوں کو مضر صحت گوشت کی فراہمی روکنے کے لیے منظم حکمت عملی کے تحت کام کررہے ہیں اور ان مذبحہ کے مکمل خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ گنجان آبادی میں قائم غیر قانونی باڑوں کو شہر سے باہر منتقل کرایا جائے جس کے لیے حتمی نوٹس جاری کردیے گئے ہیں اور اب کارروائی اور مقدمات درج کرائیں جائیں گے، کیونکہ مذکورہ غیر قانونی باڑے گنجان آبادی میں صحت وصفائی کی ابتر صورتحال کا باعث ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انتہائی محدود وسائل اور سیکورٹی کی عدم فراہمی کے باعث کارروائی کے دوران مشکلات کا سامنا ہے مگر پھر بھی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے کہ غیر قانونی باڑوں، مذبحہ اور مضر صحت فروخت کرنے والوں کیخلاف کارروائی کو تکمیل تک پہنچایا جائے۔