حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) گورنمنٹ سیکنڈری ٹیچرز ایسوسی ایشن گسٹا حیدر آباد، ریٹائر ٹیچرز ایسوسی ایشن کے تحت مشترکہ طور پر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے ضمیر خان، محمود احمد چوہان ودیگر نے کہا کہ حکومت سندھ عدالت عظمیٰ کے احکامات کی نفی کرتے ہوئے تاحال گروپ انشورنس کی ادائیگی نہیں کررہی، جس کی وجہ سے ملازمین میں گہری تشویش پائی جاتی ہے جبکہ یہ رقم تنخواہ سے ہر ماہ کاٹی جاتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 2012ء کے اساتذہ کی تنخواہ فوری طور پر ادا کی جائے، کنٹریکٹ اساتذہ کو مستقل کیا جائے، حج و عمرہ کی چھٹیوں پر عائد غیر قانونی پابندی کو فوری طور پر ختم، سیکنڈری اسکولز سے ایس ٹی آر کی شرط ختم کی جائے، اساتذہ کے تبادلوں کے سلسلے کو روکا جائے، جے ایس ٹی اور دیگر کیڈر اساتذہ کو ٹائم اسکیل فوری دیا جائے، بائیو میٹرک سسٹم کو درست کیا جائے، گسٹا اور ریٹائر ٹیچرز ایسوسی ایشن نے سندھ حکومت کو متنبہ کیا ہے کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔