ایک شخص کوجعل سازی سے کویتی شہریت حاصل کرنا مہنگا پڑ گیا

191

 کویت: غیر قانونی طریقے سے کویتی شہریت حاصل کرنے والے ایک خلیجی باشندے کو 7 سال قید بامشقت اور بھاری جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کویت کی اعلی عدالت نے جعل سازی کے ذریعے کویتی شہریت حاصل کرنے والے ایک ایسے خلیجی باشندے کو سزا سنائی جو ایک عسکری شعبے میں اپنی پیشہ ورانہ خدمات بھی انجام دے رہا تھا۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق خلیجی باشندے کی شناخت کو مخفی رکھا گیا ہے جبکہ کویت کی پبلک پروسیکیوشن نے الزام عائد کیا ہے کہ مذکورہ شخص نے قومی شناختی کارڈ، برتھ اور شہریت سرٹیفیکٹ سمیت دیگر سرکاری دستاویزات سے متعلق جعل سازی کی ہے جس پر عدالت نے مجرم کو 7 سال قید بامشقت اور ایک لاکھ 67 ہزار دینار بطور جرمانہ کی سزا سنائی ہے۔

واضح رہے کہ کویت کی حکومت نے غیر ملکی باشندوں کے داخلے سے متعلق قانونی شرائط اور سخت کردی ہیں جس میں کریکٹر سرٹیفیکٹ کو لازمی کرار دیا گیا ہے۔ کسی بھی ایسے شخص کو کویت کا ویزا نہیں دیا جائے گا جو ماضی میں کسی بھی جرم میں ملوث رہا ہو۔