ہم اگر عرض کریں گے تو شکایت ہوگی

233

اختر بھوپالی
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے پولیس فائرنگ سے ہلاک ہونے والے نبیل ہوربائی کے جنازے میں پروٹوکول کے ساتھ شرکت کی اور ورثا کو انصاف کی یقین دہانی بھی کرائی۔ مقتول صاحب حیثیت تھا اس لیے شرکت ضروری تھی مگر انصاف کی یقین دہانی، جانیں دیں کیوں کہ یہ ہے پولیس کا معاملہ۔ روشن سندھ پروگرام میں کرپشن کے ملزمان نے نیب سے پلی بارگیننگ کرکے اپنا مستقبل روشن کرلیا، وفاقی وزیر مراد سعید فرماتے ہیں نااہل وزیراعظم نواز شریف کے لندن کے ایک دورے پر 35 کروڑ روپے عوام کے خزانے سے خرچ ہوئے۔ نااہل وزیراعظم کو یہ سہولت تو اہل وزیراعظم ہی نے دی ہے تو کیا وہ بھی… ہوں گے۔ اسحاق ڈار فرماتے ہیں عمران خان کا نواز شریف کی بیماری کی تحقیق کا بیانیہ نواز شریف فوبیا کی عکاس ہے۔ تحقیق یہ ہورہی ہے کہ ڈاکٹرز کب تک انہیں صحت مند قرار دیں گے کیوں کہ آپ بھی مفرور اشتہاری ہیں اور ڈاکٹروں کے رحم و کرم پر ہیں۔ مشیر تجارت عبدالرزاق دائود کہتے ہیں مہنگائی بڑا مسئلہ ہے جسے کنٹرول کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ٹائم فریم نہیں دے سکتے۔ ایک کم پچاس وزرا، وزرائے مملکت، 15 معاونِ خصوصی اور 5 مشیران کی تعداد کم کرسکتے ہیں یا ان کی تنخواہیں نصف نہیں کرسکتے، تو پھر کچھ نہیں کرسکتے۔ ملیر سٹی کے علاقے میں ایک مکان کے اندر سے بارودی مواد اور اسلحہ برآمد۔ جس میں ایک تیار آئی ای ڈی، بارودی مواد 2کلو، ایچ ڈی گرنیڈ 2عدد، ڈیٹونیٹر 6 عدد، ایک 9 ایم ایم پستول مع میگزین، ایک ڈبل فریم ریوالور، 32 بور پستول کے 2 رائونڈ، 12 بور کے 105 رائونڈ شامل ہیں۔ ایم کیو ایم تو مرچکی ہے اب اتنا سامان کس کے کھاتے میں جائے گا؟۔
میئر وسیم اختر فرماتے ہیں جب اختیارات نہیں دینے تو پھر بلدیاتی انتخابات کی ضرورت نہیں۔ بالکل درست فرمایا، جب ہم بے اختیار ہی کام کررہے ہیں تو پھر انتخابات کی ضرورت نہیں ہم ہیں نا۔ چیئرمین بلدیہ ملیر فرماتے ہیں بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے ترقیاتی کاموں کو وسعت دے رہے ہیں۔ جب سے ضلع ملیر بنا ہے گوٹھوں، اسپتالوں اور کچی آبادیوں کا سلسلہ بہہ نکلا ہے تو پھر وسعت تو دینی پڑے گی۔ غلطی پر غلطی، حکومت نے آرمی چیف کی تعیناتی کو مذاق بنالیا ہے، ہائی کورٹ کے ریمارکس پر نئے اور غیر تجربہ کار لوگ ہیں، عادی مجرم نہیں، ذرا ہاتھ ہلکا رکھیں۔ نقیب اللہ کے والد انتقال کرگئے، آرمی چیف کا اظہار افسوس، ایک اور عدالتی سانحہ، صرف اظہارِ افسوس سے کچھ نہیں ہوگا، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور اہلکار سے بدتمیزی کے خلاف بدمزاج خاتون کے خلاف مقدمہ، یہ بڑے لوگ ہیں ان کا کچھ نہیں بگڑے گا، بھول گئے مجید اچکزئی نے ایک اہلکار کو اپنی گاڑی سے اڑا کر ہلاک کردیا تھا اور وہ عدالت سے بری ہو کر گلے میں پھولوں کا ہار ڈالے فخریہ گائوں لوٹ گیا۔ وزیرداخلہ اعجاز شاہ کہتے ہیں کہ مشرف کو غدار کہنا غیر مناسب ہے ملک کی خاطر لہو دینے والے اور کارگل کے فاتح کو ایسے القاب سے نہیں پکارتے آئین شکن کہہ سکتے ہیں۔ بات تو درست ہے غدار اور آئین شکن میں فرق تو ہو۔ میئر کراچی فرماتے ہیں ہر ضلع میں ایک نئے قبرستان کی ضرورت ہے، سندھ حکومت زمین الاٹ کرے، زمین کی الاٹمنٹ سے کچھ نہ ہوگا، اموات کا تناسب اتنا زیادہ ہے، شرعی لحاذ سے دیکھیں، جنرل ریٹائرڈ نہیں ہوتا، اٹارنی جنرل۔ صرف فرار ہوتا ہے۔ مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان مکہ مکرمہ حاضری اور روضہ رسولؐ کی زیارت کو سعادت کہہ رہی ہیں، شرط یہ ہے کہ سرکاری خرچ پر نہ ہو، برازیل کے سابق صدر کو کرپشن اور منی لانڈرنگ میں 17 سال قید کی سزا، ملک میں نہ کوئی ہنگامہ ہوا نہ احتجاج۔ کرپشن ایسے ختم ہوتی ہے۔ مالدیپ کے سابق صدر منی لانڈرنگ کیس میں 5 سال قید کی سزا، اور ہمارے یہاں ابھی طے ہی نہیں ہورہا ہے کہ کرپشن ہوئی یا منی لانڈرنگ۔ حکومت نے پٹرول کی قیمت میں پچیس پیسے کمی کا اعلان کردیا۔ اب بھی ملک بیروکریٹ ہی کے کنٹرول میں چل رہا ہے، عوام کے لیے کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ 7 برس قبل بیٹے کے قاتل کو لاہور ہائی کورٹ نے بری کردیا۔ ماں نے فائرنگ کرکے قاتل کی جان لے لی، جب عدالتوں سے انصاف نہیں ملتا تو مجبوراً ماں کو قانون اپنے ہاتھ میں لینا پڑتا ہے۔ وکالت پیسے بنانے کے لیے نہیں خدمت کے لیے کی جاتی ہے، چیف جسٹس، جس پیشے کی بنیاد ہی جھوٹ پر رکھی گئی ہو وہاں خدمت کا کیا عمل دخل، ہم بغیر وسائل کے کام کررہے ہیں، چیف جسٹس آصف کھوسہ، ریٹائرمنٹ پر اتنے وسائل ملتے ہیں کہ ہر حج کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ چیف جسٹس ہو کر ہی ریٹائرڈ ہو، چاہے اس کی مدتِ ملازمت چند ماہ ہی ہو (بحیثیت چیف جسٹس) حیدر آباد میں حاضر سروس ایس ایچ او نے کمرہ عدالت میں فائرنگ کرکے اپنے داماد کو زخمی کردیا۔
محبت ہو گئی ہے ڈاکو سلطانہ کی لڑکی سے
نجانے کس گلی میں زندگی کی شام ہوجائے