اللہ اور اسکے رسول ﷺ کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق انسانی زندگی کی تعمیر کے ذریعے رضائے الٰہی کا حصول
محمد عامر (ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان)
پاکستان اور دنیابھرمیں موجودہ اسلامی جمعیت طلبہ کے احباب اور کارکنان کو جمعیت کا 72واں یوم تاسیس مبارک ہو۔
جمعیت کی جدوجہد پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ہے۔
اسلامی جمعیت طلبہ نے پاکستان کے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور ایک صحت مندمعاشرے کے قیام کے لیے اپنا کردار بہترین انداز میں ادا کیاہے۔ اس وقت پاکستان کے اداروں میں اسلامی جمعیت طلبہ کے تربیت یافتہ لاکھوں افراد ایمان داری اور فرض شناسی سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ جمعیت پاکستان میں Human Resource Development کا بہترین ادارہ ہے۔ نوجوانوں میں امانت و دیانت، فرض شناسی، ایفائے عہد، والدین اور اساتذہ کا احترام، پاکستان اور اسلام سے محبت۔یہ وہ بنیادی اقدار ہیں جن کے فروغ کے لیے جمعیت کوشاں ہے۔
پاکستان میں تعلیمی نظام کی بہتری جمعیت کی کوششوں کا بنیادی ہدف ہے۔ ایک ماڈرن، سائنٹیفک اور نظریاتی نظام تعلیم ہی پاکستان کی بقا اور ترقی کی ضمانت بن سکتاہے۔
نوجوانوں کی کردار سازی اور کیرئیرکونسلنگ کے ذریعے جمعیت لاکھوں نوجوانوں کوپاکستان کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کے لیے تیار کررہی ہے۔
جمعیت نے گوادر سے گلگت بلتستان اور کراچی سے کشمیر تک مختلف علاقوں، زبانوں، مسالک اور کلچر رکھنے والے نوجوانوں کو ایک لڑی میں یکجا کردیاہے۔ نظریہ پاکستان اور اسلام ہی پاکستان کے نوجوان کی اصل طاقت ہے۔ ہم تمام نوجوانوں کو دعوت دیتے ہیں کہ آپ کا تعلق چاہے کسی بھی علاقے، مسلک یا مکتبہ فکر سے ہو اسلامی جمعیت طلبہ کا حصہ بن کر پاکستان کی ترقی میں اپناکردار ادا کیجئے۔
اللہ کے شیروں، محمد عربیؐ کے غلاموں اور صالح نوجوانوں کا قافلہ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا72واں یوم تاسیس
اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کا72واں یوم تاسیس آج ملک بھر میں منایا جا رہا ہے ۔71سال قبل لاہور میں 25طلبہ نے قیام پاکستان کے چند ماہ بعد23دسمبر 1947ء کو اس تنظیم کی بنیاد رکھی تھی۔ آج ملک کے تمام تعلیمی اداروں میں لاکھوں طلبہ اس کے ساتھ وابستہ ہیں ۔ جمعیت کا نصب العین ’’ اللہ اور اس کے رسول ؐ کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق انسانی زندگی کی تعمیر کے ذریعے رضائے الٰہی کا حصول ‘‘ہے۔ جمعیت ملک میں طلبہ کی سب سے بڑی اور واحد منظم ملک گیر تحریک ہونے کے ساتھ ساتھ متحدہ طلبہ محاذ پاکستان کی صدر اور طلباء کی عالمی تنظیموںورلڈ اسمبلی آف مسلم یوتھ(WAMY) ، انٹرنیشنل اسلامک فیڈریشن آف سٹوڈنٹس آرگنائزیشن(IIFSO)اور ایشین فیڈریشن آف مسلم یوتھ(AFMY) کی بھی ممبر ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ میں IIFSOکی جانب سے طلبہ کی نمائندگی بھی کرتی ہے ۔