حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک ا نصاف کے سینئر رہنما عمران قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں پاکستان کی لائن آف کنٹرول پر بے گناہ افراد شہید ہورہے ہیں، جس کا اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی حکومت اپنے اندرونی خلفشار کو چھپانے اور اپنی وحشیانہ پالیسیوں کی پردہ پوشی کے لیے پاکستان کی سرحدوں پر جارحیت کا ارتکاب کررہی ہے جو کسی طور پر بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سیکولر ازم کے دعوے کرتا ہے لیکن اس نے سیکولر ازم کے نام جو ہندو نیشنل ازم بھارت میں جاری ہے، اس کی پوری دنیا میں مذمت کی جارہی ہے۔ کشمیر میں کرفیو لگا کر بھارتی فوج نے جس طرح ظلم کا بازار گرم کیا ہوا ہے اور مظلوم کشمیریوں کے ساتھ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، اس کے بعد بھارتی حکمرانوں کے چہرے بے نقاب ہوچکے ہیں لیکن بدقسمتی سے عالمی ضمیر جاگنے کو تیا رنہیں ہے۔