مظفر آباد(اے پی پی) حزب المجاہدین کے سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین نے کہاہے کہ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے کارکن غلام محمد بٹ کی الہ آباد جیل میں شہادت سے کشمیریوںکے حوصلے پست نہیں ہوںگے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید صلاح الدین نے مظفر آباد میں متحدہ جہاد کونسل کے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیری محبوس رہنمائوں اور کارکنوں کو قتل اور جسمانی طورپر معذور بنانانریندر مودی کی سامراجی حکومت کی طے شدہ پالیسی ہے ۔انہوں نے کلنگام ہندواڑہ کے غلام محمد بٹ کو شاندار الفاظ میں خراج عقید ت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ایک داعی ،ایک عظیم انسان اور تحریک آزادی کے سچے عاشق تھے۔ گرفتار ی ان کی زندگی کا معمول تھااوروہ اسلام کی سربلندی اور کشمیرکی آزادی کے لیے عمر بھر ظلم و تشدد اور اذیتیں برداشت کرتے رہے۔انہوںنے کہاکہ انہوںنے عمر ضعیفی میں بھی ظلم کے آگے جھکنے کے بجائے استقامت کا راستہ اپنایا اور جمعتہ المبارک 20دسمبر کو الہ آبا د جیل میںمضر صحت ماحول اور علاج معالجے کی عدم فراہمی کے نتیجے میں جام شہادت نوش کیا۔سید صلاح الدین نے مودی حکومت کی انسانی حقوق کی ان کھلی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کی خاموشی پر سخت افسوس کا اظہار کیا۔اجلاس میں شہدائے کشمیر بالخصوص شہید غلام محمد بٹ کی بلندی درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔
سید صلاح الدین