ورکنگ ویمن ویلفئیر ٹرسٹ کے تحت ہنرمند خواتین میں سرٹیفکیٹ تقسیم کی تقریبب

212

 ورکنگ ویمن ویلفئیر ٹرسٹ کے تحت کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ہنر مند خواتین میں سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب ہوئی۔

ان خواتین اور طالبات کو مختلف شعبوں میں تربیت دے کر اس قابل بنایا گیا ہے کہ وہ مالی طور پر اپنے پیروں پر کھڑی ہوسکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ورکنگ وومن ویلفئیر ٹرسٹ کی جنرل سیکٹری نگہت ملک نے کہا کہ ٹرسٹ کے تحت ان خواتین کو ہنر مند بنایا جاتا ہے جنہیں زندگی کی دوڑ میں ترقی کے مواقع نہیں ملے. یہ بات ہمارے لیے قابل فخر ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ٹرسٹ کو یہ توفیق عطا کی کہ وہ اپنی ان بہنوں اور بیٹیوں کے کام آسکیں، جو مہنگائی کے اس دور میں حالات کا مقابلہ کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔

نگہت ملک نے کہا کہ خواتین کو ان کے گھروں پر یا اس کے نزدیک روزگار کی فراہمی میں ٹرسٹ ایک طویل عرصے سے خدمات انجام دے رہا ہے اور اس کا دائرہ کار ہر آنے والے دن میں بڑھ رہا ہے۔

ڈائریکٹر ہنر ووکیشنل ٹریننگ سینٹر طلعت فخر نے اپنی پریزینٹیشن میں شرکاء کو بریف کیا کہ ہنر ووکیشنل سینٹر 2015 سے سرجانی میں کمیونٹی سروسز فراہم کررہا ہے ۔ اب تک کورسز کے ذریعے 1600 خواتین کو اور دیگر ہیلتھ  اور لائف اسکل سیشنز کے زریعے ساڑھے تین ہزار خواتین تک کو ہنر اور آگاہی سے روشناس کرایا گیا. طلعت فخر نے کہا کہ مستقبل کے منصوبوں میں نئی بلڈنگ کی تعمیر، جدید آلات اور ضروریات سے آراستہ مشینری اور آلات کے ساتھ بوتیک ڈیزائنگ،کوکنگ اور بیکنگ ،فائن آرٹس کورسز کی توسیع شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے اہل ثروت کے تعاون کی بدولت یہ کام جاری ہے جس میں مزید بہت کچھ کرنے کی گنجائش موجود ہے۔

اس موقع پر 90 خواتین کو سلائی، بیوٹیشن، مہندی، آرٹ اینڈ کرافٹ اور کمپیوٹر کے سہ ماہی  کورسز مکمل کرنے پر اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب میں جامعہ کراچی کی اسسٹنٹ پروفیسر جہاں آراء لطفی، سماجی کارکن مسز کمانڈر موحد افضل، بحریہ کالج کی مسز شبانہ عشرت، محمد ریاض صاحب، ڈاکٹر ظفر اقبال،  ڈاکٹر فیاض عالم اور دوسرے بھی موجود تھے۔