نہ ہم پہلے بھارت کے ساتھ تھے اور نہ اب ہیں،مشعال ملک

204

اسلام آباد: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ نہ ہم پہلے بھارت کے ساتھ تھے اور نہ اب ہیں۔

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے یوم قائدؒ کے 144 ویں موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پوری پاکستانی قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے دو قومی نظریہ کیلئے جدوجہد کی اور بہت پہلے دو قومی نظریہ دیا،آج کے دن تمام پاکستانیوں کو فخر ہونا چاہیے کہ آپ پاکستانی ہیں اور آپ ایک پر امن فضا کے اندر سانس لے رہے ہیں۔

مشعال ملک نے کہا کہ دہشت گرد آر ایس ایس اور شیو سینا کی سرکار نے اقلیتوں کے خلاف کنواں کھودا ہے لیکن مودی سرکار خود اسی کنوئیں میں گر رہی ہے، آج بھارت میں اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کیخلاف آگ لگی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت خود کو دنیا کیلئے ایک بہت بڑی منڈی سمجھتا تھا جبکہ آج پوری دنیا نے وارننگز جاری کی ہوئی ہیں کہ  بھارت نہ جایا جائے۔

مشعال ملک نے مزید کہا کہ بھارت میں جگہ جگہ مظاہرے ہو رہے ہیں اور پولیس لوگوں کو مار رہی ہے، ہم مقبوضہ کشمیر میں 70 سال سے اس سے بڑھ کر ظلم برداشت کر رہے ہیں، نہ ہم پہلے بھارت کے ساتھ تھے اور نہ اب ہیں۔