حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے کہا ہے کہ سیری گاجا موری میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے نام پرلوگوں کو بے گھر کرنا ظلم ہے۔ انتظامیہ مظلوم، کمزور اور غریبوں کی جھونپڑیاں گرانے میں دیر نہیںکرتی غریب و امیرکے لیے الگ الگ قانون ملک میں انتشار اور بدحالی کا سب سے بڑا سبب ہے۔ ہم تجاوزات کرنے والوں کی ہرگز حمایت نہیں کرتے مگر جب شہروں کے کناروں پر قبضے ہورہے تھے اور جن لوگوں نے قبضے دلائے اس وقت حکومت اور یہ ادارے کہاں تھے۔ الخدمت فاونڈیشن غریبوں اور متاثرین کے ساتھ ہے اور ان کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ ہمارے قائد کی تعلیمات میں عوام الناس کی خدمت اور ان کی فلاح وبہبود کو عباد ت سمجھ کر کرنا شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے سیر ی گاجا موری میں تجاوزات متاثرین میں گرم کپڑے اور کمبل تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ مزدور طبقے کو بے روزگار کر کے لوگوں میں انارکی پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جب لوگوں نے اپنے خون پسینے کی جمع شدہ پونجی اپنے گھر وں، روزگار آباد کرنے پر لگادی تو حکمرانوں کو قبضہ یاد آگیا۔انہوں نے مزید کہا کہ عدالتی فیصلے کی آڑ میں بلاجواز ان مکانات کو بھی مسمار کرنا کہاں کا انصاف ہی سخت سردی کے موسم میں متبادل جگہ دیئے بغیر لوگوں کو بے گھر اور روزگار سے محروم کرنا ظلم ہے۔ سندھ حکومت عوام کی دادرسی اور متبادل جگہ دینے میں اپنا کردار ادا کرے۔انھوں نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیا کے عوام کو بے روزگار کرنے کے لیے جاری آپریشن کے خلاف نوٹس لیا جائے۔اور لوگوں کو متبادل جگہ دینے تک آپریشن کو فی الفور روکا جائے۔
حافظ طاہر مجید