سرینگر/نئی دہلی (آن لائن )مقبوضہ کشمیر میں 2 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں کی ہلاکت کا واقعہ ضلع کپواڑہ میںچیرکوٹ آرمی کیمپ کے سیکٹر 8 کے اندر پیش آیا جہاں فوجی جیپ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے اندر 2اہلکار سورہے تھے ، آتشزدگی نے دونوں اہلکاروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ علاوہ ازیں بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر سے پیرا ملٹری کی 72 کمپنیوں کو واپس بلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔بھارتی وزارت داخلہ نے چیف اور ہوم سیکرٹری سری نگر کو احکامات جاری کر دیے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق کشمیر سے نکالی گئی کمپنیاں بھارت کے مختلف شہروں میںڈیوٹی سرانجام دیں گی۔ ہر کمپنی میں 100 فوجی اہلکار ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا مسلط کردہ فوجی محاصرہ مسلسل 143ویں روز بھی جاری رہا،نظام زندگی بدستور مفلوج ہے۔ موبائل فون، ٹیلی فونز اور انٹرنیٹ سروسز بدستور معطل ہونے کے باعث لوگوں
کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں اور بارہ مولہ سے 8 بے گناہ شہریوںکوحراست میں لے لیا ہے۔ مزید برآں بھارتی حکام نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک اور دختران ملت کی چیئرمین پرسن آسیہ انداربی کے خلاف بھارت مخالف نعرے لگانے اور لوگوں سے انتخابی بائیکاٹ کی اپیل کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ چلانے کی منظور دی ہے۔دوسری جانب ہانگ کانگ سے شائع ہونے والے انگریزی اخبار’’ا یشیا ٹائمز‘‘کا کہنا ہے کہ بھارت کو اپنے متنازع اقدامات کے باعث عالمی سطح پر معاندانہ رویے کا سامنا ہے۔ اخبار نے لکھا کہ بھارتی مسلمانوں کے لیے تعمیر کیے جانے والے حراستی مراکز ہٹلر کی سربراہی میں قائم کیے جانے والے نازی جرمنوں کے کیمپوں سے مشابہت رکھتے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر