وزیراعلیٰ بلوچستان کا کوئٹہ زیارت روڈ دو رویہ کرنے کااعلان

44

کو ئٹہ( نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کوئٹہ زیارت روڈ کو دورویہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد منصوبے کے سروے کا آغاز کیا جائے گا جبکہ زیارت میں ایل پی جی پلانٹ کی تنصیب کے لیے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا، صوبائی حکومت بھی منصوبے میں اپنے حصے کے فنڈز کی فراہمی کے لیے تیار ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں عمائدین اور علاقے کے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب کا اہتمام زیارت کی سیاسی اور سماجی شخصیت ہاشم خان کاکڑ نے کیا تھا۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، صوبائی وزراء ،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اور سینیٹر انوارالحق کاکڑ بھی اس موقع پر موجود تھے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاحت کے حوالے سے زیارت انتہائی موزوں مقام ہے، حکومت زیارت میں سیاحت کی ترقی کے منصوبوں کو یقینی بنائے گی اور زیارت ٹاؤن کو ترقی دے کر سیاحت کا مرکز بنایا جائے گا، انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے ذریعہ علاقے کی ترقی اور لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، تقریب میں شریک عمائدین اور علاقہ مکینوں نے وزیراعلیٰ کے اعلانات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان