آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر نظر ثانی درخواست دائر

123

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر سپریم کورٹ میں نظر ثانی درخواست دائر کردی گئی۔

وفاقی حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر نظر ثانی کی درخواست میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے گزشتہ ماہ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیکر سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ حکومت نے نظر ثانی درخواست میں کہا ہے کہ کیس کی ان کیمرہ سماعت کی جائے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے فیصلے میں کئی آئینی نکات کا جائزہ نہیں لیا، بہت سے آئینی معاملات پر نظر ثانی کی ضرورت ہے، آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق فیصلے پر نظرثانی درخواست دائر کی جائے گی جس کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔

وزیر قانون نے کہا کہ سپریم کورٹ میں نظر ثانی کی درخواست آج ہی دائر کی جائے گی  اور توسیع سے متعلق سپریم کورٹ کے سارے فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کریں گے۔

واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے 28 نومبر 2019 کیس کی سماعت کی، جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق سپریم کورٹ نے حکومت کو 6 ماہ میں قانون سازی کرنے کا حکم دیتے ہوئے آرمی چیف کی مدت میں 6 ماہ کی مشروط توسیع دی تھی۔