بیجنگ: چین کی وزارت صنعت و انفارمیشن ٹکنالوجی کے زیر نگرانی ایک معروف بین الاقوامی یونیورسٹی بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی (بی آئی ٹی) میں زیر تعلیم متعدد پاکستانی طلباء کو موجودہ تعلیمی سال کے اختتام پر “سال کا بہترین طالب علم” ایوارڈ دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایوارڈ جیتنے والوں میں سائنس اینڈ انجینئرنگ کے شعبے سے تعلق رکھنے والے سید انیس حیدر زیدی جنہوں نے گرین سپلائی چین پر تحقیق کی، راجہ حامد جنہوں نے الیکٹرانک سائنس اورٹیکنالوجی میں تحقیق کی اور یونیورسٹی کے شعبہ ریاضی میں جیومیٹری میں تحقیق کرنے والے سید ظہیر شامل ہیں۔
اس کے علاوہ ماحولیاتی استحکام، معاشی توانائی اور متعلقہ اکاؤنٹنگ کے شعبے میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے دو طلبا ظہور احمد اور شجاع الرحمن، اسکول آف آٹومیشن کے طالب علم ذیشان مسعود، ایرو اسپیس انجینئرنگ کے طالب علم علی محمد رواحد اور اسکول آف آپٹکس اور فوٹونک، کمپیوٹر سائنس اور لائف سائنس کے شعبے سے تعلق رکھنے والے طلباء عبید خان، قاسم عمر اور عدنان طاہر بھی ایوارڈ کے حقدار قرار پائے۔
واضح رہے کہ ہر سال بیجنگ انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنولوجی کارکردگی کی بنیاد پر کچھ طلباء کو سال کے بہترین طلباء ایوارڈکے لئے نامزد کرتی ہے۔اس سال انسٹی ٹیوٹ کے جاری کردہ ایک اعداد و شمار کے مطابق یہ ایوارڈ جیتنے والے روس، پولینڈ، جرمنی، فرانس، قازقستان ، مصر اور افریقی ممالک سے آئے ہوئے ممتاز بین الاقوامی طلبا میں سے 85 فیصد کا تعلق پاکستان سے تھا۔