حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) لطیف آباد یونٹ نمبر 8 کی کلاتھ مارکیٹ میں بلدیہ انسداد تجاوزات بلدیہ کے عملے پر حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا، عملے نے بڑا کریک ڈائون کرتے ہوئے درجنوں تجاوزات تحویل میں لے لیں۔ تھانہ اے سیکشن کی حدود لطیف آباد یونٹ نمبر 8 کی کلاتھ مارکیٹ میں انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران سڑک کے درمیان لگے اسٹال تحویل میں لینے کے دوران اسٹال مالکان نے عملے پر دھاوا بھول دیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار اکرم سر اور چہرے پر گہری چوٹیں لگنے سے زخمی ہوگیا، جسے شاہ بھٹائی اسپتال لایا گیا، جہاں طبی امداد کی فراہمی کے بعد بلدیہ عملے کی جانب سے تھانہ اے سیکشن پر واقع کی رپورٹ درج کرائی گئی ہے مگر پولیس واقع میں ملوث کسی ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی ہے۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ سیل بلدیہ توحید احمد راجپوت، اسسٹنٹ ڈائریکٹر شکیل احمد، انسپکٹر ناصر لودھی ودیگر افسران موقع پر پہنچ گئے۔ عملے نے کارروائی کرتے ہوئے درجنوں اسٹالوں و دیگر تجاوزات کو تحویل میں لے لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں ختم کی گئی تجاوزات دوبارہ متعلقہ پولیس، بلدیہ عملے کی ملی بھگت سے لگائی جارہی ہیں۔