تعمیرات سمیت تمام شعبوں میں انقلاب لارہے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

45

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ تعمیرات سمیت تمام شعبوں میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں ، ہمیں بھی عمومیت سے نکل کر مہارت کی طرف جانا ہوگا، تعمیراتی محکمے قوانین، قواعد و ضوابط اور طریقہ کار کی بہتری پر کام کریں، ترقیاتی عمل میں دور رس منصوبہ بندی کو بنیاد بنایا جائے، ٹینڈرنگ کے عمل کے دوران کنٹریکٹر فرموں کی استعداد کار اور تکنیکی مہارت کو بھی دیکھا جائے تاکہ منصوبوں کی معیاری تکمیل ممکن ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایس ڈی پی میں شاملترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کے ہفتہ وار جائزہ اجلاس کے دوران کیا وزیراعلیٰ نے موجودہ دور کی ضروریات سے ہم آہنگ ہونے کیلیے محکموں کی وسعت اور مہارت پر مبنی اسامیوں کی تشکیل کو ناگزیر قراردیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ 15 سالوں میں پیدا ہونے والی خرابیوں کی بڑی وجہ مؤثر نظام کی عدم دستیابی تھی، اس بات کے پیش نظر حکومت گورننس اور نظام کی بہتری کو اولیت دے رہی ہے، وزیراعلیٰ نے جاری تعمیراتی منصوبوں کا مکمل آڈٹ کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس کو پی ایس ڈی پی میں شامل مختلف سیکٹرز کے 77 ترجیحاتی منصوبوں کی پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے روشن بلوچستان پروگرام کے تحت آواران کو ماڈل ٹاؤن کے طور پر شمسی توانائی کے ذریعے بجلی کی فراہمی کے منصوبے کے آغاز کی ہدایت کی۔ انہوں نے اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے منصوبے میں بڑے نجی اداروں کے تعاون اور اشتراک کے حصول کی ہدایت بھی کی جبکہ بلوچستان یوتھ سپورٹ پروگرام کو مزید جامع اور مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان