پیپلزپارٹی کو لیاقت باغ میں جلسے کی غیر مشروط اجازت دی گئی

60

راولپنڈی (آن لائن)عدالت عالیہ راولپنڈی بینچ کے جسٹس طارق عباسی نے پیپلزپارٹی کو لیاقت باغ میں جلسے کی غیر مشروط اجازت دیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی کو ہدایت کی ہے کہ وہ دیگر تمام متعلقہ اداروں کی معاونت سے جلسے کی سیکورٹی یقینی بنائیں۔ عدالت نے یہ ہدایت پیپلز پارٹی راولپنڈی کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کے فیصلے کے خلاف دائر پٹیشن پر جاری کیں۔ دائر پٹیشن میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ، ایڈیشنل کمشنر راولپنڈی،سٹی پولیس افسر،ایس ایس پی اسپیشل برانچ اور ڈی جی پی ایچ اے کو فریق بنایا گیا تھا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر اداروں نے اطلاع ہی دینی ہے کہ تو عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ واپس کر دیں تاکہ اپنی مدد آپ کے تحت اپنی حفاظت کا بندوبست کر سکیں۔ درخواست گزار نے بے نظیر بھٹو کی برسی پر لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت کے لیے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو3دسمبرکو درخواست دی تھی جنہوں نے سیکورٹی خدشات کو بنیاد بنا کر 23دسمبرکو جلسے کی اجازت دینے سے انکار کر دیاتھا۔دوران سماعت پی پی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ اور جنرل سیکرٹری چودھری منظور بھی موجود تھے۔