اسلامی جمعیت طلبہ نے72 برسوں میں اسلامی نظریاتی اور طلبہ کی رہنمائی کی ہے

40

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے اسلامی جمعیت طلبہ کے73ویں یوم تاسیس کے موقع پر کہا ہے کہ جمعیت نے72سالوں میں اسلامی نظریاتی،تعلیمی،کردار سازی اور طلبہ خدمات و رہنمائی کی جدوجہد جاری رکھنے کا تاریخی کردار ادا کیا ہے۔جمعیت نے طلبہ و طالبات ،نئی نسل کو علامہ اقبال کی فکر،دوقومی نظریہ،قائد اعظم کے پاکستان کی حفاظت اور مولانا سید ابواعلیٰ مودودیؒ کی فکر کی ترویج کے لیے تاریخ ساز کام کیا ہے۔بلوچستان کے طلباء کیلیے اسلامی جمعیت طلباء کی دینی تعلیمی ونظریاتی خدمات روزروشن کی طرح عیاں ہیں لسانی تنظیموں کو ان کی تقلید کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے 72سالوں میں قید وبند کی صوبتیں،ظلم و تشدد کا سامنا اورکارکنان کی شہادتیں پیش کی ہیں۔مشرقی پاکستان ،مقبوضہ کشمیر،افغانستان میں عالمی استعماری قوتوں کے مقابلہ میں جمعیت کا کردار تاریخ ساز ہے۔اپنی محنت و اخلاص کی وجہ سے جمعیت واحد ملک گیر منظم و خالص طلبہ تنظیم ہے جو نئی نسل کی محسن اورہمار ا فخر ہے۔ ان شاء اللہ کامیابی کا یہ سفرجاری رہے گا۔ امریکہ،آئی ایم ایف،یورپی یونین اور مڈل ایسٹ سے قرضوں ،امداد ،لاجسٹک ٹریننگ پروگراموں نے پاکستان کوجام اور برباد کیا۔عمران خان سے توقع تھی کہ اسٹیٹس ٹوٹے گا،بھیک اورکشکول کی بجائے خود انحصاری اختیار ہوگی لیکن حکومت نے فوجی آمریت،نواز بھٹو خاندانوں کے دور اقتدار سے زیادہ ذلت اور پاکستان کے لیے مشکلات ،بدنامی اور جگ ہنسائی پیدا کردی ہے۔مسئلہ کشمیر پر ترکی، ملائیشیا، چین،قطر نے ہماری حمایت کی۔وزیراعظم نے کشمیر کے ترجمان اور سفیر ہونے کا دعویٰ کیا۔اسلاموفوبیا کے خلاف بات کی لیکن امت کے اتحاد اور تحر ک کے لیے ملائیشیا سربراہی کانفرنس کا بائیکاٹ کرکے ،ڈالرز اور قرضوں کی لعنت میں الجھ کرعمران خان نے پاکستان کو جگ ہنسائی اور اپنے لیے بے اعتماد لیڈر کا عنوان کمایا ہے۔