سیاسی یتیم الوداع کے نعرے لگنا شروع ہوگئے،2020ء عوامی راج کا سال ہوگا‘ بلاول

169
راولپنڈی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری لیاقت باغ میں جلسے سے خطاب کررہے ہیں

راولپنڈی(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ سیاسی یتیم الوداع کے نعرے لگنا شروع ہوگئے ہیں،2020ء عوامی راج اور صاف و شفاف عام انتخابات کا سال ہوگا۔جمعہ کو بلاول زرداری نے اپنی والدہ اور سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی 12 ویں برسی کے موقع پرلیاقت باغ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2020ء عوامی راج کا سال ثابت ہوگا۔ عوامی حکومت آئے گی۔ نیا سال انتخابات کا سال ہوگا۔خیبر سے کراچی تک سب نعرہ لگارہے ہیں الوداع الوداع سیاسی یتیم الوداع ، سلیکٹڈ الوداع۔ آزادی خطرے میں ہے ، اس موقع پر جدوجہد ہم پر فرض اور قرض ہے۔ بی بی کے مشن کو مکمل کرناہے۔ بلاول زرداری نے کہاکہ سلیکٹڈ اور سیاسی یتیموں کو گھر بجھوا کررہیںگے۔ عوامی راج آئے گا، کوفے کی سیاست سے پاکستان کو مدینہ کی ریاست نہیں بنایا جاسکتا، سیاسی یتیموں دیکھ لو میاں صاحب بھی اور آصف علی زرداری باہر آچکے ہیں، سلیکٹڈ کا اقتدار ہل رہا ہے اس کی وجہ سے جمہوریت اور آزادی خطرے میں ہے۔