لطیف آباد میں انسداد تجاوزات آپریشن،متعدد تعمیرات مسمار

68

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ضلعی انتظامیہ نے لطیف آباد سٹی کے علاقوں میں بڑا انسداد تجاوزات آپریشن شروع کردیا، ریشم بازار میں عرصہ دراز سے قائم 6 غیر قانونی دکانیں و دیگر تجاوزات مسمار کردی گئیں، ایک ہزار سے زائد پتھاروں، ٹھیلوں کو رضا کارانہ طور پر ہٹانے کے لیے 24 گھنٹے کی حتمی مہلت، حیدر چوک پر لگے سیکڑوں بینرز، چھوٹے بڑے بل بورڈز ہٹا کر المعروف دعا والے ہاتھ چوک کو اصل حالت میں بحال کردیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی کا مختلف علاقوں کا دورہ، ریشم بازار میں کارروائی کے دوران عملے کو شدید مزاحمت، سیاسی رہنمائوں، منتخب بلدیاتی نمائندوں، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور تاجر تنظیموں کے شدید دبائو کا سامنا کرنا پڑا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد ارباب ابراہیم کی نگرانی میں بلدیہ اینٹی انکروچمنٹ سیل نے ڈائریکٹر توحید احمد راجپوت کی سرکردگی میں سٹی کے علاقوں میں بڑا انسداد تجاوزات آپریشن شروع کردیا۔ کارروائی کا آغاز ریشم بازار سے کیا گیا، جہاں نالے اور سڑک پر قائم 6 دکانوں کو مسمار کردیا گیا۔ کارروائی کے دوران سٹی، فورٹ پولیس کی بھاری نفری، اے ٹی ایف کمانڈوز، ٹریفک پولیس کی بھاری نفری موجود رہی۔ اس موقع پر عملے کو تاجر رہنمائوں، منتخب بلدیاتی نمائندوں، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی اور قابضین کے شدید دبائو کا سامنا کرنا پڑا۔ اینٹی انکروچمنٹ ٹریبونل نے مذکورہ غیر قانونی دکانیں اور دیگر تجاوزات ختم کرنے کے احکامات دیے تھے۔ دوسری طرف اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد ارباب ابراہیم نے ریشم بازار سمیت اطراف کے تمام بازاروں، مصروف ترین شاہراہوں، سرکاری ونجی املاک کے اطراف قائم ایک ہزار سے زائد پتھاروں، ٹھیلوں، آہنی کیبن نما دکانوں و دیگر تجاوزات کو رضا کارانہ طور پر ختم کرنے کے لیے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا ہے، جس کے بعد بلدیہ عملے نے تمام بازاروں میں تجاوزات رضا کارانہ طور پر ختم کرنے کے لیے اعلانات کیے۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی کی نگرانی میں بلدیہ عملے نے سٹی کے مصروف ترین حیدر چوک پر بھی بڑی کارروائی کرتے ہوئے چوک کے پارک اور دعا کرتے ہاتھوں کے مونو گرام کے اطراف سے سیاسی جماعتوں اور مختلف اشتہاری بینرز اتار کر تحویل میں لے کر حیدر چوک کو اصل حالت میں بحال کردیا۔ اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود رہی، جنہوں نے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن کی مشترکہ کارروائیوں کو سراہا، ڈویژنل کمشنر محمد عباس بلوچ کے سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد کرنے کے احکامات پر سٹی اور لطیف آباد کے علاقوں میں بڑا انسداد تجاوزات آپریشن جاری ہے جس کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی کو واگزار کرا کر ہزاروں تجاوزات کو مسمار کیا جاچکا ہے، جبکہ سڑکوں پر قائم ورکشاپس، ڈینٹرز، پینٹرز کے قبضے اور غیر قانونی پارکنگ ختم کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔