پیپلز پارٹی سندھ کے غریب عوام کی مالی مدد کرنے کو تیار نہیں، عمران قریشی

49

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک ا نصاف کے سینئر رہنما عمران قریشی نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام پر جس طرح سندھ میں وڈیروں، زمینداروں اور پارٹی کارکنوں کو نوازا گیا اس نے پیپلز پارٹی کی غریب پروری کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں سے جمع ہونے والے اربوں روپے کی رقم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے اُن افراد کو دی جاتی رہی جو خود صاحب ثروت ہیں، یا پھر سرکاری ملازم ہیں۔ آج بھی سندھ کے غریب عوام کی پیپلز پارٹی مالی مدد کرنے کو تیار نہیں بلکہ اُن کے نام پر اپنے منظور نظر افراد کو نواز رہی ہے، جو ظلم کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جس طرح برسوں سے جاری اس جعلسازی کو بے نقاب کیا ہے اس کے بعد پیپلز پارٹی کی قیادت کا اخلاقی کردار کھل کر سامنے آگیا ہے۔ لہٰذا اب دیگر محکموں میں بھی اسی طرح جانچ پڑتال کرکے کرپشن اور لوٹ مار کو بے نقاب کیا جائے تاکہ غریب عوام تک وسائل پہنچائے جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی سندھ میں اربوں روپے کے بجٹ جاری کیے جانے کے باوجود نہ تو کوئی ترقیاتی کام ہوئے ہیں اور نہ ہی غریب عوام کو علاج معالجے اور تعلیم کی سہولیات میسر ہیں۔ عوام بھوک اور بدحالی کا شکار ہیں۔ پارٹی رہنما اور بااثر افراد صوبے کے وسائل کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔