ایف سی کا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں نمایاں کردار ہے، فرقان معظم

40

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے ضلع لورالائی میں ایف سی کے 736 ریکروٹس تربیت مکمل کرکے پیشہ ورانہ امور سے منسلک ہوگئے۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں اہلکاروں نے صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔ لورالائی میں جناح اسٹیڈیم میں پاسنگ آؤٹ کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈی آئی جی ایف سی نارتھ بریگیڈیئر فرقان معظم نے پریڈ کا جائزہ لیا۔ بریگیڈیئر لیاقت علی، کمانڈنٹ لورالائی اسکائوٹس کرنل شہریار لودھی، کمشنر ژوب ڈویژن سہیل الرحمن بلوچ اور دیگر افسران اور علاقے کے قبائلی معتبرین نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈی آئی جی ایف سی نارتھ بریگیڈیئر فرقان معظم نے کہا کہ ایف سی کا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں نمایاں کردار ہے۔ امن وامان اور ملک کے استحکام کے لیے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں۔ ایف سی سرحدوں کی حفاظت اور منشیات کی اسمگلنگ کے ساتھ ساتھ مختلف منصوبوں کو سیکورٹی فراہم کررہی ہے۔ تقریب کے مہمان خصوصی بریگیڈیئر فرقان معظم نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے اہلکاروں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔