عمرانی حکومت کا سورج غروب ہونیوالا ہے‘ عبدالغفور حیدری

53

کوئٹہ (آن لائن)جمعیت علما اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ عمرانی حکومت کا سورج غروب ہونے والا ہے، کچھ احمق وزرا آج بھی گالم گلوچ سے باز نہیں آرہے، نیب بلاامتیازاحتساب کے بیانیے پر عمل کرے اور حکمران جماعت کے کرپٹ عناصر کو
کٹہرے میں لاکر جانبداری کے تاثر کا خاتمہ کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پہنچنے پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ 22لاکھ سے زائد لوگوں کے گھروں کے چولہے بند کر کے آج بھی عوام سے جھوٹ کہتے ہوئے۔ وزیر اعظم شرمندگی محسوس نہیں کرتے کہ آنے والے سال میں ملک کے عوام کو ملازمتیں فراہم کی جائے گی جبکہ اس بیان سے کچھ دن قبل ہی بی آئی ایس پی کے لاکھوں ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کر دیا گیا۔ ملک میں معیشت تباہ ہوچکی ہے ملک کا دیوالیہ نکل چکا جبکہ حکمران عوام سے جھوٹ بول کر سب اچھا ہے کا راگ الاپ رہے ہیں۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ 2018ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کر کے پیراشوٹ کے ذریعے حکومت میں آنے والے حکمرانوں نے عوام سے جھوٹ اور دروغ گوہی کے علاقہ کوئی بھی وعدہ وفا نہیں کیا وعدہ وفا سیاسی ویژن رکھنے والی جماعتیں کرتے ہیں جو پیراشوٹ کے ذریعے حکومتوں میں آتے ہیں انہیں عوام اور ملک سے کوئی سروکار نہیں ہوتا بلکہ وہ کرپشن کرنے میں مشغول رہتے ہیں۔ عمرانی حکومت میں شامل نالائق حکمرانوں کی وجہ سے ملکی معیشت دن بدن تباہی کے دہانے پر پہنچ رہی ہے آئے روز ملک میں صنعتیں بند ہورہی ہیں جس کی وجہ سے پرائیویٹ سیکٹر میں کام کرنے والے غریب عوام کو بے روزگاری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔
عبدالغفور حیدری