حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سٹی اور لطیف آباد میں سیوریج نظام تباہ، سڑکوں، گلی محلوں میں سیوریج کا پانی جمع، شہریوں کا احتجاج، سخی پیر کے رہائشی افراد نے احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ قائم کرلیا۔ حیدر آباد اور لطیف آباد میں مسلسل اہم ترین شاہراہوں پر سیوریج کا پانی جمع ہے، جن میں اسٹیشن روڈ، پنجرہ پول، فقیر کاپڑ، نورانی بستی، لطیف آباد نمبر 12,4,5,7 سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔ سخی پیر روڈ کی ٹوٹ پھوٹ اور سیوریج کے پانی کیخلاف تاجروں اور رہائشی افراد نے بھوک ہڑتال شروع کردی جبکہ یونٹ نمبر 4 لطیف آباد میں گندا پانی گھروں میں داخل ہوگیا، جس پر سخت احتجاج کرتے ہوئے علاقہ مکینوں نے ڈی جی ایچ ڈی اے اور ایم ڈی واسا کی غفلت پر ان کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اسٹیشن روڈ پر مسلسل پانی کھڑا رہنے کے باعث شہر کا اہتمام تجارتی مرکز بلاک ہوگیا، ٹریفک کا رش اور کاروبار تباہ ہوگیا ہے جبکہ نورانی بستی کی گلی محلے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔