حیدرآباد:گیس کا بحران ،ٹرانسپورٹرز کی پہیہ جام کی دھمکی

33

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ میں گیس کا بحران شدت اختیار کرگیا، سی این جی ایسوسی ایشن اور ٹرانسپورٹرز کا ریجنل ہیڈ آفس کے سامنے دھرنا، ٹرانسپورٹرز نے پہیہ جام کا عندیہ دے دیا، حیدر آباد سوئی سدرن گیس کمپنی ریجنل ہیڈ آفس کے باہر دھرنا دیا گیا، جس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سی این جی ایسوسی ایشن سندھ اور سندھ وین ایسوسی ایشن منظور بروہی نے کہا کہ سندھ میں سی این جی اسٹیشنز کی بندش کو دو ہفتے ہوگئے ہیں۔ دو ہفتوں میں صرف 48 گھنٹے سی این جی فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ 24 سو ایم ای سی ایف ڈی گیس پیدا کرتا ہے، سی این جی بندش سے شدید نقصان کا سامنا ہے۔ گیس کے معاملے پر سندھ کے عوام کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے۔ ہم کسی بھی صورت آر ایل این جی قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کوئی متبادل فورم نہیں، کئی روز کاروبار بند رہتا ہے، پہلے مرحلے میں سوئی سدرن کے ریجنل دفاتر کے سامنے احتجاج کیا جارہا ہے۔ اگلے مرحلے میں سوئی سدرن ہیڈ آفس کراچی کے سامنے دھرنا دیا جائے گا جبکہ سی این جی بندش سے ٹرانسپورٹر کو شدید نقصان کا سامنا ہے۔ سی این جی سستا اور ماحول دوست فیول سے ٹرانسپورٹرز کو ٹرانسپورٹ بند کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ وفاقی حکومت سندھ کی ضرورت کے مطابق گیس میں اس کا حصہ دے، طلب کے مطابق سی این جی فراہم نہ کی تو ٹرانسپورٹ کا پہیہ جام کردیں گے۔ دھرنے کے باعث قاسم آباد، نسیم نگر، قاسم چوک جانے والی ٹرانسپورٹ بری طرح متاثر ہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔