آزادکشمیر میں اقلیتوں کو برابر حقوق حاصل ہیں، راجہ فاروق حیدر

48

مظفرآباد (آن لائن) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں اقلیتوں کو برابر حقوق حاصل ہیں ، بھارت میں ہندو انتہا پسندی سے کوئی محفوظ نہیں، مسلمانوں اور عیسائیوں کو لڑانے کی سازش ہورہی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیرکے روز ایوان وزیر اعظم میں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس سمیت اہم شخصیات کی شرکت۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ عیسائی بھی ہندو انتہا پسندی کا شکار ہیں۔ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ مسیحوں پر بھی بد ترین مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔ بائبل اور قرآن کی بنیادی تعلیمات انسانیت کا درس دیتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرپور اور مظفرآباد میں عیسائی کمیونٹی کے لیے چرچ تعمیر کریں گے جبکہ ان کے مقانات کی تعمیر کے لیے بھی جگہ مختص کریں گے۔ عیسائی کمیونٹی کے جملہ مسائل حل کیے جائیں گے۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان کے پرچم میں اقلیتوں کی نمائندگی موجود ہے، سفید رنگ پاکستان میں اقلیتوں کو ظاہر کرتا ہے۔ پاکستان کی طرح آزادکشمیر میں بھی اقلیتوں کو بھی تمام حقوق حاصل ہیں اور انہیں مکمل مذہبی آزادی ہے۔ اسلام امن و آتشی کا مذہب ہے۔ تمام پیغمبر ہمارے لیے معتبر ہیں۔ تمام انبیا پر ایمان ہمارے عقیدے کا حصہ ہے ۔ ہم کسی بھی نبی کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوںنے کہا کہ عیسائیت اور اسلام کی بنیاد امن اور محبت ہے۔ ہم نے آپس میں نفرتیں ختم کر کے امن کا پیغام پوری دنیا تک پہنچانا ہے۔
راجہ فاروق حیدر