کوئٹہ ،کیسکو کے عملے پر نادہندگان کے حملے ،2 اہلکارشدید زخمی

63

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) بلوچستان کے ضلع مستونگ میں بجلی نادہندگان نے حملہ کرکے کیسکو کے 2 اہلکاروں کو زخمی کردیا۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز مستونگ کے نواحی علاقے میں مشتعل نادہندہ بجلی صارفین نے کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کیسکو کی ٹیم پر حملہ کردیا، حملے کے نتیجے میں مستونگ سب ڈویژن کے لائن مین عبدالحمید اور اسسٹنٹ لائن مین پرویز احمد زخمی ہوگئے۔ واقعہ گزشتہ روز شام اس وقت پیش آیا جب کیسکو کے اہلکار معمول کے مطابق ایک ٹرانسفارمر کی بجلی بحال کرنے کے بعد دفتر جارہے تھے۔ بتایا جارہا ہے کہ حملہ دوسرے ٹرانسفارمر سے منسلک کچھ نادہندہ صارفین نے کیسکوکی ٹیم پر کیا، جس سے 2 اہلکار زخمی ہوگئے، جنہیں بعد ازاں ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ کیسکو ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ایک مرتبہ پھر جب دونوں زخمی اہلکار مستونگ سب ڈویژن کے دفتر جارہے تھے تو نادہندگان نے ایک مرتبہ پھر اُن پر حملہ کرکے اُنہیں زخمی کردیا۔ بعد ازاں کیسکو نے مذکورہ واقعہ کی ایف آئی آر کے اندراج کے لیے مستونگ پولیس اسٹیشن میں تحریری طور پر درخواست جمع کرا دی ہے تاکہ ایف آئی آر کا اندراج ہوسکے اور واقعہ میں ملوث افراد بھی گرفتار کیا جاسکے۔ دریں اثنا کیسکو انتظامیہ نے مستونگ سب ڈویژن کے اہلکاروں عبدالحمید اور پرویز احمد پر نادہندگان کی جانب سے حملہ کرنے کے واقعہ کو کار سرکار میں مداخلت قرار دیتے ہوئے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ واقعے میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کرنے کے علاوہ کیسکو کے تمام افسران اور ملازمین کو دوران ڈیوٹی تحفظ فراہم کیا جائے۔