اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)صوبائی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب اقبال خان نے ریلوے پریم یونین سی بی اے راولپنڈی ڈویڑن کے عہدیداران کے خلاف انتقامی کاروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وفاقی وزیرریلوے سے مطالبہ کیا ہے کہ یونین عہدیداران کے تبادلوں کومنسوخ کرنے کے علاوہ ڈویڑنل سپریڈنڈنٹ کوانتقامی کاروائیوں سے روکا جائے ۔ صوبائی سیکرٹریٹ میں ڈویڑنل صدرپریم یونین ڈاکٹر اشتیاق عرفان کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے رہنماجماعت اسلامی نے کہاکہ راولپنڈی ڈویڑن میں غیرقانونی بھرتیوں کے خلاف عدالت سے حکم امتناہی حاصل کرنا سی بی اے یونین کا حق تھا،انتظامیہ ذاتیات کی بجائے اپنے غیرقانونی اقدامات کا مقابلہ قانونی طریقے سے کرے۔پاکستان ریلوے بدترین بدحالی کا شکارتھی جسے پریم یونین کی قیادت نے حکومت سے مل کربے شمارقربانیا ں دے کراپنے پاؤ ں پرکھڑا کیا،ادارے کودرست ٹریک پرآنے کے بعد کسی بدعنوان کواجازت نہیں دیں گے کہ وہ قومی ادارے میں غیرقانونی اقدامات کرے۔جماعت اسلامی مزدوروں کی پشت پرکھڑی ہے اور ریلوے سمیت کسی ادارے میں مزدوروں پرظلم برداشت نہیں کرے گی۔اقبال خان نے کہاکہ پریم یونین کوالیکشن میں کامیاب ہوئے مدت ہوچکی لیکن اب تک اس بطورسی بی اے یونین نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیاریلوے انتظامیہ ایسے مزدورکش اقدامات سے گریزکرتے ہوئے فوری طور پر نوٹیفکیشن جاری کرے۔