ایرانی جنرل کی ہلاکت سے مزید خطرات پیدا ہوگئے ہیں، فرانس

89

پیرس: عراق میں امریکی فضائی حملےمیں ایرانی جنرل  سلیمانی کی ہلاکت پر فرانس کا بھی ردعمل سامنے آگیا۔

تفصیلات کے مطابق ایک کانفرنس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرانس کے وزیر برائے یورپی یونین ایمیلے ڈی مونچلین نے کہاکہ آج صبح جب ہم اٹھے تو اپنے آپ کو دنیا کو ایک بڑے خطرے کے دہانے پر پایا۔انہوں نے کہاامریکی حملے میں جنرل سلیمانی کی ہلاکت سے جو مشرقی وسطیٰ میں کشیدگی پیدا ہوئی ہےاس  کے خاتمے کیلئے بھرپور کوشش کی ضرورت ہے۔

ایملے ڈی مو نچلین کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اس کارروائی کی ذمہ داری قبول کرچکا ہے اور اب اس سے دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی  میں مزید شدت آئے گی۔انہوں نے کہاایسی صورت میں جب کشیدگی عروج کو پہنچ رہی ہے ہم سب کو چاہئے کہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے متحد ہوں۔

واضح رہے کہ امریکی فوج نے ڈرون کی مدد سے بغداد ایئر پورٹ پر بمباری کرکے  چیف جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک کردیاتھا۔امریکا کی جانب سے راکٹ حملے کیے گئےتھے جس کے نتیجے میں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی سمیت 8 افراد جاں بحق ہوگئےتھے۔

راکٹ حملے میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پاپولرموبلائزیشن فورس (پی ایم ایف) کے ڈپٹی کمانڈرابومہدی المہندس اور دیگر چھ افراد بھی جاں بحق ہوئے تھے ۔