عدالت جانے سے ریلوے کی کرپٹ مافیا بے نقاب ہوگئی، عارف شیرازی

79

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے اس امر پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے کہ ریلوے پریم یونین (سی بی اے)کی طرف سے غیر قانونی بھرتیوں کی نشاندہی اور اس حوالے سے حکم امتناعی حاصل کرنے پر ان کیخلاف انتقامی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ریلوے پریم یونین کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپشن اور غیر قانونی کاموں کے خاتمے کا اعلان کرنے والی وفاقی حکومت کے وزیر اور ریلوے کی انتظامیہ اپنے غیر قانونی کاموں کو تحفظ دینے کے لیے پریم یونین کے عہدیداروں کی خلاف انتقامی کارروائیوں پر اُتر آئی۔ سی بی اے یونین کے کاموں میں رکاوٹیں ڈالنے کے ساتھ ساتھ مختلف عہدیداروں اور ورکروں کے دور دراز علاقوں میں تبادلے بھی کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت ریلوے عدالت میں اپنے خلاف ہونے والے حکم امتناعی کا سامنا کرنے کے بجائے مزدور کش اقدامات کررہی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کو وزارت ریلوے میں کرپشن اور غیر قانونی بھرتیوں کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔ پریم یونین کی طرف سے غیر قانونی بھرتیوں کی نشاندہی اور عدالت جانے سے ریلوے کرپٹ مافیا بے نقاب ہوگئی ہے۔ سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی پریم یونین کے جراتمندانہ اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ اگر وزیر ریلوے اور وزارت ریلوے نے انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ بند نہ کیا تو لال حویلی اور ڈی ایس آفس کا گھیرائو کیا جائے گا۔