حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے صارفین آب بلوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں، دسمبر کے بلوں کی آخری تاریخ 10 جنوری ہے، تاہم جن صارفین پر بقایا جات واجب الادا ہیں ان کیخلاف کسی بھی وقت کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ ایچ ڈی اے کے اعلامیے کے مطابق ماہ دسمبر کے پانی کے بل جاری کردیے گئے ہیں اور ان کی گھر گھر اور تجارتی صارفین تک ترسیل کا عمل جاری ہے۔ اگر کسی صارف کو تاحال بل موصول نہیں ہوا ہے تو وہ اپنے قریبی واسا آفس سے رابطہ کریں تاکہ آئندہ وہ اس زحمت سے محفوظ رہ سکیں۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ بل جمع کرانے کی آخری تاریخ ان صارفین کے لیے ہے جن پر بقایا جات واجب الادا نہیں ہیں جبکہ بقایا جات کے حامل صارفین کیخلاف کسی بھی وقت کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ نادہندہ صارفین کو ان کے اپنے مفاد میں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ قانونی کارروائی کی پیچیدگیوں سے بچنے کے لیے اپنے ذمے واجب الادا بقایا جات کی فوری ادائیگی کو یقینی بنائیں۔