حیدرآباد:یکجہتی کشمیر ریلی،عوام کی کثیر تعداد میں شرکت

95

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر حیدر آباد محمد عباس بلوچ نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے 5 جنوری حق خودارادیت کے طور پر منایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں ظلم کی انتہا کردی ہے جو کہ کشمیر میں مظالم کے حوالے سے تاریخی باب لکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا یہ تسلیم کرچکی ہے کہ بھارت کی جانب سے کشمیری مسلمانوں پر بہت زیادہ ظلم کیا جارہا ہے اور اس وقت بھی بھارت میں مسلمانوں پر مزید سختیاں کرنے کے لیے ایک قانون پاس کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن کشمیریوں کے ساتھ حق خودارادیت کے طور پر منایا جارہا ہے تاکہ آنے والی نسلوں کو یہ احساس ہو کہ ہم ہر قدم پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ان پر ہونے والے مظالم کے خاتمے تک ان کی جدوجہد میں ان کا بھرپور ساتھ دیتے رہیں گے۔ یہ بات انہوں نے کمشنر آفس شہباز بلڈنگ حیدر آباد سے پوسٹ آفس تک کشمیری بھائیوں کے لیے حق خودارادیت کے طور پر نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ گرا دیے ہیں، جہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں۔ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے جاری مظالم سے بھارت کا اصل بھیانک چہرہ سامنے آگیا ہے۔ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھیںگے اور دنیا کے سامنے بھارت کا چھپا ہوا مکرو چہرہ بے نقاب کرکے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے تاکہ وہ اپنے فیصلے خود کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ میں میڈیا، سول سوسائٹی اور تمام سرکاری اداروں کے تعاون کا مشکور ہوں جنہوں نے ریلی میں شرکت کرکے ثابت کردیا کہ ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ان کے ہر دکھ میں برابر کے شریک ہیں جبکہ آزادی ان کا جائز حق ہے جو انہیں ملنا چاہیے۔ اس موقع پر اے ایس پی زاہدہ پروین، اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی صحت افسران سمیت محکمہ ایجوکیشن اور سول سوسائٹی کے نمائندوں، سرکاری محکموں کے افسران و معزز شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔