آرمی ایکٹ پر پارلیمنٹ کو کمزور کرنے کی سازش تباہی کا راستہ ہے، اچکزئی

108

کوئٹہ (آن لائن) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ کے معاملے پر جس طرح پارلیمنٹ کو کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے یہ ملک کیلیے تباہی کا راستہ ہے تمام سیاسی اور جمہوری قوتوں کو چاہیے کہ وہ پارلیمنٹ میں آرمی ایکٹ میں ترمیم کے معاملے پر ایک بار پھر سوچیں اور جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوشش نہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے غیر ملکی پشتو خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ملک کو بچانے کا واحد راستہ جمہور کیحکمرانی ہے۔ سیاسی جماعتوں نے اگر کوئی غلطی کی یا پارلیمان کو کمزور کرنے کی کوشش کی تو مستقبل میں نیک شگون نہیں ہوگا۔ تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کو چاہیے کہ وہ آئین و قانون کی بالادستی کیلیے اپنا کردار ادا کریں، اگر کسی کو سیاست میں آنے کا شوق ہے تو وہ وردی اور اسلحہ رکھ کر سیاست کا راستہ اختیار کرے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔ جس کو بھی پاکستان عزیز ہے ہم اس سے بات کریںگے، پارلیمنٹ کی توقیر کو مزید خراب نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلے ہی کئی مارشل لاء کی وجہ سے بحرانوں کا شکار رہا ہے اور ملک میں مارشل لاء کی وجہ سے ہمارے کئی ادارے کمزور ہوگئے۔ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کو تسلیم کیا جائے۔ اگر ہر ادارے نے عوام کی حکمرانی کو تسلیم کیا تو ملک ترقی کرے گا اور اس میں ہی سب کی بھلائی ہوگی اگر زر و زور کے نام پر کوئی پارلیمنٹ پر قبضہ کرنا چاہتا ہے تو یہ اس کی غلط سوچ ہے جب تک ملک میں جمہور کی حکمرانی کو تسلیم نہیں کیا جاتا اس وقت تک پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔ مصلحت پسندی نے ملک کوتباہی کی دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ ماضی میں الیکشن کو دھاندلی زدہ قرار دینے والی پارٹیاں اب پارلیمنٹ کو مستقبل کے فیصلوں کا حق دے رہی ہیں اس سے پارلیمنٹ کمزور ہوگی اور وہ ادارے طاقتور ہونگے جو مسلسل جمہوری نظام کوکمزور کرنے میں روز اول سے ان کا کردار رہے ہیں۔
محمود خان اچکزئی