لاہور: رانا ثنا اللہ کے زائد اثاثہ جات کیس کی تحقیقات میں نیب نے ان کی اہلیہ، بیٹی اور داماد کو تفتیش میں شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق نیب نے رانا ثنا اللہ کی اہلیہ، داماد اور بیٹی کو اثاثہ جات فارم جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل نیب نے رانا ثنا اللہ سے تینوں کے بارے میں بھی سوال کئے تھے جس کے جواب میں رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ بیٹی اور داماد کے اثاثوں کا سب ریکارڈ موجود ہے۔
نیب نے رانا ثنا اللہ کے داماد شہریار، جو سابق وزیر قانون کے بیفشری بھی ہیں، کے اثاثوں کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور متعلقہ اداروں سے ریکارڈ بھی مانگ ہے۔
واضح رہے کہ رانا ثنا اللہ نے گزشتہ دنوں منشیات کیس سے متعلق اپنے بیان میں کہا تھا کہ جب ہیروئن کا کچھ نہیں بنا تو مجھ پر زائد اثاثوں کا کیس بنایا جا رہا ہے جو کہ سیاسی انتقام کے سوا اور کچھ نہیں۔