حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما عمران قریشی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے سندھ میں اقلیتوں کے ساتھ مل کر نکالی جانے والی ریلی نے ثابت کردیا کہ سندھ میں آباد ہندو اور دیگر مذہب کے لوگ بھی پاکستان کی حکومت کے ساتھ ہیں اور انہیں نہ صرف یہ مکمل مذہبی آزادی ہے بلکہ انہیں ہر سطح پر تحفظ بھی فراہم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے کھوکھرا پار تک نکالی جانے والی ریلی سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ سندھ میں رہنے والی ہندو برادری اور دیگر اقلیتوں کے دل بھی اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ اس کے برعکس بھارت میں جس طرح نریندر مودی کی حکومت مسلمان سمیت دیگر اقلیتوں کو ظلم و ستم کا نشانہ بنارہی ہے اس کے بعد بھارت کے سیکولر ازم کا پردہ فاش ہوگیا۔ مسلمان سمیت دیگر اقلیتیں بھارت کی حکومت کیخلاف سراپا احتجاج ہیں لیکن ان کی کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔