“قوم اہم معاملات اورقومی مفاد کے تحفظ کے لئے متحد ہے”

262

اسلام آباد:معاون خصوصی واطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستانی قوم اہم معاملات اور قومی مفاد کے تحفظ کے لئے متحد ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ آرمی ایکٹ پر ملک کی تمام سیاسی قوتوں کا اتحاد اور مثبت کردار اعلیٰ پارلیمانی جمہوری روایات کا آئینہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کا شاندار مظاہرہ پاکستان دشمن قوتوں کیلئے واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم اہم معاملات اور قومی مفاد کے تحفظ کے لئے متحد ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ خطے کی صورتحال اور پاکستان کے مفاد میں ہمیں ہم آہنگی اور یکجہتی کی فضا کو مزید آگے بڑھانا ہے، امید ہے اس مفاہمت کی فضا کی جھلک سینٹ میں بھی نظر آئے گی۔